کراچی ٹریفک پولیس نے 29 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری کر دیا

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ٹریفک پولیس نے 29 نومبر کو سیاسی جماعت کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری کر دیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک، عبداللہ ہارون روڈ پہنچے گی، جس کے باعث پی آئی ڈی سی روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ متوقع ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ احتجاج متبادل راستے اختیار کریں۔ ایم آر کیانی روڈ سے آنے والے شہری سرور شہید روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور لکی اسٹار کا راستہ استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ سے آنے والوں کو فوارہ چوک کے بجائے متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آفس سے صدر، زینب مارکیٹ یا ریگل چوک جانے والے شہری بھی متبادل راستے استعمال کریں، اسی طرح صدر موبائل مارکیٹ سے کینٹ اسٹیشن جانے والوں کو بھی متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کھجور چوک سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو بھی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کی اپیل کی ہے، ٹریفک سے متعلق رہنمائی یا معلومات کیلئے شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...