بلوچستان میں بدترین لوڈشیڈنگ، شہریوں کا پارہ ہائی، مظاہرے، سڑکیں بلاک

کوئٹہ: (دنیا نیوز)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ پر شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا، گرمی کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہیں بلاک کر دیں۔

بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا، مظاہرین نےکوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ اور کوئٹہ کے پی کے قومی شاہراہ قلعہ سیف اللہ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی۔

نوشکی ،منگچر، مستونگ، قلعہ سیف اللہ میں بھی زمینداروں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہوں کو بلاک کردیا ۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ہماری فصلیں تباہ ہوگئی ہیں،واپڈا والے ہوش کے ناخن لیں ،ہمیں آخری اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کہا جائے۔

گوجرانوالہ
دوسری جانب پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹرز کے سامنے دھرنا دے دیا ۔

کارکن اور عام شہریوں کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچی،کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

احتجاج کے باعث گیپکو ہیڈ کوارٹرز سے ملحقہ روڈ بند کر دی گئی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں