مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس : علی امین گنڈا پوراور انکے بھائیوں کی درخواستیں نمٹا دی گئیں

اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور انکے دونوں بھائیوں فیصل امین اور عمر امین کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواستیں نمٹا دیں ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تینوں درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے، نیب، اسلام آباد پولیس کی جانب سے تینوں درخواست گزاران کے مقدمات کے حوالے سے رپورٹس جمع کرائی گئیں، ایف آئی اے کے مطابق علی امین گنڈاپور کیخلاف ایف آئی اے ڈی آئی خان میں ایک انکوائری رجسٹرڈ ہے، نیب کے مطابق علی امین گنڈا پور کیخلاف نیب خیبرپختونخوا میں 3 انکوائریاں زیر التوا ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کیخلاف نیب انکوائریاں آمدن سے زائد اثاثہ جات، اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز میں خردبرد سے متعلق ہیں، نیب کی جانب سے رپورٹ سپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود نے جمع کروائی۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ اسلام آباد پولیس کے مطابق علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 18 مقدمات درج ہیں، فیصل امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں ایک مقدمہ درج ہے، فیصل امین گنڈا پور کیخلاف نیب اور ایف آئی اے میں کوئی مقدمہ درج نہیں جبکہ عمر امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو اور تھانہ ترنول میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق عمر امین گنڈاپور کیخلاف بھی ایف آئی اے اور نیب میں کوئی مقدمہ درج نہیں، مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی پر تینوں درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں