مریم نواز کا ہرشہر میں پی ایچ اے بنانے کا اعلان، روایتی میلے بحال کرنے کا حکم
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہر شہر میں پی ایچ اے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے روایتی میلے بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے عوامی فلاحی منصوبے لانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں کارڈیالوجی بلاک جلد فعال کرنے، میڈیکل کالج کی فیکلٹی پوری کرنے اور ہر شہر ڈولفن فورس قائم کرنے کی ہدایت کی جبکہ بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ خرابیاں دور کررہے ہیں، ہر شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، حلف دیتی ہوں آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا، پہلی مرتبہ پرائس کنٹرو ل کیلئے باقاعدہ نیا ڈیپارٹمنٹ بنا رہے ہیں، مہنگائی پہلی مرتبہ نیچے آئی ہے،یہ خود بخو د نہیں ہوا،اس کے پس منظر میں ہماری کاوشیں ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گندم کی خریداری نہ کرنا غیر مقبول فیصلہ سمجھا گیا لیکن آٹے اورروٹی کی قیمت نیچے آگئی،گندم کی قیمت بڑھنے سے کاشتکار کو فائدہ نہیں ہوتا لیکن عوام کو روٹی مہنگی ملتی تھی،عوامی پذیرائی نہیں چاہتی لیکن ایسے فیصلے کررہی ہوں جس سے عوام پر کم از کم بوجھ پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی نرخوں پر یقین نہیں بلکہ زمینی حقائق کو خود چیک کرتی ہوں، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 13،12 اور 14 روپے کی روٹی مل رہی ہے، ڈپٹی کمشنر کے پی آئی سکور کارڈبننے سے سختی کا سامنا کررہے ہیں، کے پی آئی میں عوام کی سہولت کیلئے چھوٹی بڑی ہر چیز شامل کی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن صبح 6، 7 بجے سے رات گئے تک فیلڈ میں ہوتی ہے،کسان کارڈ کیلئے 9 لاکھ درخواستیں آئیں،چند دنوں میں کارڈ ایکٹو ہوگا اور ڈیڑھ لاکھ روپے تک قرض ملے گا، آڑھتی کسان کو بلیک میل کرتا تھا،اس عذاب سے کسانوں کی جان چھوٹ گئی ہے، کاشتکاروں کو مشورے دینے کیلئے زرعی گرایجویٹ انٹرن شپ پروگرام شروع کررہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھائیں گے،پانچ لاکھ سے زیادہ گھر دیں گے،محض ملکیتی کاغذات اورشناختی کارڈ پر ہاؤسنگ قرض فراہم کرنے کی پہلی اوربڑی سکیم لارہے ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی ماہانہ قسط 14ہزا ر روپے سے بڑھانے سے روک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ میں پرائیویٹ ہسپتال اورسرجن شامل کیے ہیں، ہمت کارڈ پر ہر چار ماہ بعد 15ہزار روپے ملیں گے،بیواؤں اور غریب اقلیتی بھائیوں کیلئے مینارٹی کارڈ بھی ایشو کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت گرنے سے صرف پنجاب کرائے کم کرا رہا ہے، پنجاب بھر میں 600روڈز بحال کررہے ہیں، ہر شہر میں سڑکوں کی حالت چند ماہ میں بدل جائے گی، پورے پنجاب میں صفائی کا نظام نہیں تھا، کمشنر ز کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ گلی محلوں میں 10،10سال سے پڑی گندگی اٹھا رہے ہیں، پولیس افسران کو عوام کی سہولت کیلئے مساجد میں جانے کی ہدایت کی ہے۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ مہنگائی کم ہورہی ہے،آپ بہترین کام کررہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کاشتکاروں کی حقیقی ہمدرد اورخیر خواہ ہے،پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ عوام کے منصوبوں پر لگتا دیکھ رہے ہیں۔