سال نو کیساتھ ہی مغربی ہواؤں کی انٹری، ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں متوقع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سال نو کے ساتھ ہی مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا، محکمہ موسمیات کے ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے میں مغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی، سپیل 6 جنوری 2025 تک بالائی علاقوں میں موجود رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم جنوری سے 6 جنوری تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں ،گرج چمک کے ساتھ برف باری کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور برف باری متوقع ہے، مری اور گلیات میں یکم سے 6 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور شدید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 2 تا 6 جنوری گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ میں 2 جنوری سے 5 جنوری تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان میں یکم سے 4 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم دادو، قمبر، شہید بینظیر آباد، سکھر، اور جیکب آباد میں 3 اور 4 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ برفباری مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات میں سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتی ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے امکانات ہیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاح محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، بارشوں کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی لہر کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں