جنوری کے پہلے ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارش، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں، برفباری کا یہ سلسلہ یکم جنوری سے 6 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، یکم جنوری سے 5 جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں،کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے، ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا، جس میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں، کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں متبادل راستے فراہم کئے جائیں، سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔