پی سی بی کا سکولز ، کالجز میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکولز اور کالجز میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔۔
مشیرچیئرمین پی سی بی عامر میر نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد ملک میں کھیلوں کا فروغ ہے ، سکول کالجز کی سطح سے وہ بچے بچیاں جو کرکٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں انہیں آگے لایا جائے گا۔ سکولزسے انڈر16تک کی کھیپ ملے گی، کالجرزسے انڈر18تک کاٹیلنٹ ملے گا۔ قومی کوچزنئے ٹیلنٹ کی تربیت کرینگے ،گرلز سکولز اور کالجز سے بھی ٹیلنٹ تلاش کیاجائیگا،سکول اور کالجزسے قومی لیول پرکیمپس بھی لگائے جائیں گے ۔ سی او او پی سی بی سمیر احمدنے کہاکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا عمل 10 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہے گا، ستمبر اکتوبر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے سامنے آنے والے بچوں کا ٹورنامنٹ ہوگا، ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچز 40 اوورز فی اننگز پر مشتمل ہوں گے ، اس سے ہمارے پاس ایک اچھی کھیپ سامنے آئے گی، گراس روٹ سے جو ٹیلنٹ سامنے آنے سے رہ جاتا ہے اس کو موقع ملے گا، ٹورنامنٹ کے انتظامات اور مالی معاونت پی سی بی کرے گا، نئے آنے والے کھلاڑی ملکی کرکٹ میں اپنا کردار ادا کرینگے ، ہمارے پاس کوچز موجود ہیں ان سے کام لیاجائے گا، اس میں ہم سپر کڈز کیٹیگری بھی لا رہے ہیں، 10 ہزار طلبہ و طالبات ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل ہونگے ۔چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ فائنل کے موقع پر موجود تھا لیکن اختتامی تقریب میں سٹیج پر نہیں بلایا گیا، آئی سی سی سے جواب طلب کیا تھا کیونکہ یہ آئی سی سی کی انتظامی بے نظمی تھی، اس کے پیچھے کون تھا سب کو پتہ ہے ، یہ مناسب چیز نہیں تھی اس لیے ہم نے جواب مانگا، اطمینان بخش جواب نہیں آیا تھا اس لیے آئی سی سی سے دوبارہ جواب مانگا ہے ۔نئے تیار ہونے والے قذافی سٹیڈیم کے وی آئی پی انکلوژر کی واش روم کی چھت ٹپکنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹھیکیدار سے روف ٹریٹمنٹ میں کوتاہی ہوئی تھی، جہاں لیکیج ہوئی تھی ٹھیکیدار سے اس کی مرمت بھی کرائی ہے ، ٹھیکیدار سے لیکیج کے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے ۔