نوجوان پر امن ،خوشحال مستقبل کی ضمانت،ٹیکنالوجی،فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا:شہباز شریف
اسلام آباد، راولپنڈی (نامہ نگار، نیوزرپورٹر، اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو تبدیلی کی نوید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ترقی و پالیسی سازی میں نوجوانوں کا کردار بڑھانے کی ضرورت ہے ،تعلیم کو فروغ دے کر نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے ،نوجوان پرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔
انہیں جدید ٹیکنالوجی ، فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا،چیلنجز سے نمٹنے میں دولت مشترکہ رکن ممالک کے درمیان بہترین شراکت داری کا پلیٹ فارم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس (کایا)سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا دولت مشترکہ ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو شراکت داری کے قیام اور اتفاق رائے پیدا کرنے کا ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے ، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے ، نوجوان پرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ وزیراعظم نے کہا نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آ راستہ کرنا ہو گا، قومی تعمیر کی کاوشوں میں انہیں بھرپور شرکت کا حامل بنانے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان سے حلف لیا۔وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے ۔
دریں اثناء شہباز شریف نے ہدایت کی ہے وفاقی حکومت کے زیر انتظام طبی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔وزیراعظم نے کہا حکومت ملک بھر میں صحت کی سہولیات تک رسائی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور راجہ اسامہ سرور نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر و سابق میئر سردار نسیم خان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ۔جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے سابق گورنر اور مرحوم شاہ فہد کے صاحبزادے شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز آل سعود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔