جھنگ :آئی ایس او کے زیر اہتمام القدس ریلی کا انعقاد

جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) آئی ایس او جھنگ کی جانب سے جمعۃ الوداع کے موقع پر القدس ریلی نکالی گئی جس میں مجلس وحدت المسلمین،شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ میں بھی اسرائیلی مظالم کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی ایس او کے زیراہتمام یوم القدس کے موقع پر بعد از نماز جمعہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول سے ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی صدر مجلس وحدت المسلمین سید روح اللہ کاظمی،نائب صدر شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب سید مسعود الحسن ترمذی،ریجنل جنرل سیکرٹری آئی ایس او برادر حسن اور ضلعی صدر برادر تقی رضا سمیت شہریوں کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مظلومین فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، اقوام عالم ان مظالم کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار اداکرے ۔ انہوں نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت امت مسلمہ کا ناقابل تلافی نقصان ہے ،ریلی کے اختتام پر قبلہ اول کی آزادی ،فلسطینیوں اور پارہ چنار کے رہائشیوں کیلئے دعا کی گئی۔