الائیڈ ہسپتال ٹو آرتھو پیڈک وارڈ اور میڈیکل سٹورز کا گٹھ جوڑ ، سامان باہر سے منگوانا معمول

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو کے آرتھو پیڈک وارڈ اور میڈیکل سٹورز کا مبینہ گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا۔ آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والی گرم پٹی سمیت دیگر سامان باہر سے منگوایا جانے لگا۔
میڈیکل سٹورز بھی مذکورہ اشیا اصل قیمت سے زائد میں فروخت کرنے لگے ۔ سرکاری طور پر دستیابی کے باوجود بیشتر سامان باہر سے منگوانا معمول بن چکا ہے ۔ڈاکٹرز کی جانب سے آپریشن سمیت دیگر مسائل کے باعث علاج کیلئے آنے والے مریضوں کیلئے گرم پٹی تک دستیاب نہیں۔ 80 روپے کی قیمت والی پٹی جب باہر سے منگوائی جاتی ہے تو علاجگاہ سے ملحقہ روڈ پر واقع میڈیکل سٹور وہی گرم پٹی 250 روپے تک فروخت کرتے ہیں۔ قبل ازیں مریضوں کے لئے ہڈی کو جوڑنے کے لیے آپریشن کے دوران استعمال ہونے والے میڈیکل راڈ سمیت دیگر سامان کی قلت کا مسئلہ بھی طویل عرصہ تک برقرار رہا۔ اس حوالے سے متعلقہ حلقوں کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ مفت علاج کے لیے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ڈاکٹروں نے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز ہسپتالوں میں ادویات کی مفت اور مکمل فراہمی کا اعلان تو کرتی ہیں تاہم فیصل آباد کے ہسپتالوں میں اس پر عملدرآمد ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹورز کے مابین مبینہ طور پر کمیشن بھی طے ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری صحت سے اپیل کی ہے مسئلے کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔