کمالیہ :بازاروں میں خریداروں کا رش ،دکانوں پر رونقیں برقرار

کمالیہ(نمائندہ خصوصی ،نمائندہ دنیا )عیدالفطر کے پیش نظر کمالیہ کے بازاروں میں خریداروں کا رش، جوتوں اور کپڑوں کی دکانوں پر رونقیں برقرارہیں جبکہ تجاوزات برقرار ہونے سے شہریوں کا گزرنا محال ہے۔۔۔
ٹریفک جام بھی معمول ۔تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکیں، جس کے باعث بازاروں، شاپنگ سنٹرز اور خاص طور پر جوتوں اور کپڑوں کی دکانوں پر خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ دوسری طرف شہر میں رش بڑھنے سے تمام شاہراہوں اور بازاروں سے شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے اور میونسپل کمیٹی کا عملہ بازاروں اور سڑکوں سے تجاوزات ہٹانے میں ناکام نظر آ رہا ہے جس سے ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن چکا ، تجاوزات کی وجہ سے بازار اور سڑکیں سکڑ کر رہ گئیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی عید قریب آتے ہی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے جس سے متوسط اور غریب طبقے کیلئے خریداری مشکل ہو چکی ، حکومت قیمتیں کنٹرول کرے اور تجاوزات کا نوٹس لیا جائے ۔