ڈی سی وہاڑی ، ڈی پی او کا ہسپتال کا دورہ،سہولتوں کاجائزہ

وہاڑی(خبرنگار ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی کا وزٹ کیا ۔۔۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا،مریضوں، لواحقین سمیت ڈاکٹر ز ودیگر عملہ صحت کو عید کی مبارکباد دی ،مریضوں، انکے لواحقین ، ڈاکٹرز اور سٹاف میں مٹھائی تقسیم کی ۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے ڈاکٹر و سٹاف کو مریضوں کی اچھی نگہداشت اور بہترین علاج کی ہدایت کی اور کہا کہ عید الفطر پر ڈاکٹرز و سٹاف کی انسانیت کی خدمت عظیم نیکی ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے بھی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عثمان منیر بخاری، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی غزالہ کنول، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی ڈاکٹر احمد فراز، ڈاکٹر محسن نواز اور دیگر افسران موجود تھے ۔انہوں نے دارلامان کا بھی دورہ کیا ، مقیم خواتین اور بچوں میں عید گفٹ،مٹھائی، جوسز اور چاکلیٹس تقسیم کیں اور عید کیک کاٹا۔ ڈپٹی کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں میں ہر طبقے کو شامل کر نا چاہیے ، دارالامان میں مقیم خواتین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، اللہ تعالیٰ دارالامان میں مقیم خواتین کی مشکلات آسان کرے ،دارالامان میں مقیم خواتین کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے کہا کہ درالامان میں مقیم خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ،دارالامان میں مقیم خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عثمان منیر بخاری ، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد انور ، انچارج دارالامان ودیگر افسربھی موجود تھے ۔