فلسطینیوں سے یکجہتی: احمدپورسیال،گڑھ مہاراجہ میںریلیاں
احمدپورسیال،گڑھ مہاراجہ (نمائندگان دنیا) عالمی یوم القدس کے موقع پر شیعہ علماء کونسل احمدپورسیال کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ کڑی والا سے اورامامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتما م گڑھ مہاراجہ میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
شرکاء نے فلسطینیوں کی حق میں پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے ،انہوں نے اسرائیل کیخلاف نعرے لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل کی قدس ریلی مرکزی امام بارگاہ زینبیہ کڑی والا احمد پور سیال سے نکالی گئی جس کی قیادت ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی سعیدا حمد خان سیال ، پرنسپل درس جامعۃ الغدیر احمد پور سیال علامہ حسنین ، حاجی صفدر علی گوندل اور خطیب مرکزی جامع مسجد جعفریہ احمد پور سیال مولانا جابر علی بلوچ نے کی ۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینیوں کی حمایت میں پلے کارڈزاور فلیکسزاٹھا رکھی تھیں ، ریلی درس جامعۃ الغدیر احمدپور سیال پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی ۔ اس موقع پر خطاب میں مولانا جابر علی بلوچ ،مولانا محمد حسنین مطہری اور سعید خان سیال نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی بربریت کی مذمت کی ۔ادھر اورامامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد جعفریہ گڑھ مہاراجہ سے نکالی جانے والی قدس ریلی مصطفی حسینی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی جس کی قیادت مولانا غازی خان ، مولانا شایان حیدر ، مولانا چمن علی اور سید توقیر افضل نقوی نے کی ۔مقررین نے کہا کہ ہم اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ۔