مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جمعتہ الوداع کے موقع پرفلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نشاط آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم تھام رکھے تھے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، جن پر غزہ کی جنگ مسلمانوں نے جیتنی ہے ، شہادتیں نقصان نہیں، انعام ہیں، خون آزادی کی علامت ہے ، اور فلسطین فلسطینیوں کا ہے جیسے نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت بند کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے ، ورنہ مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔ مظاہرے کے اختتام پر غزہ کے شہداء کے لیے دعا کی گئی اور فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر شیخ فیاض احمد اور مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کے سیکرٹری جنرل محمد احسن تارڑ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی بربریت اور جنگی جرائم عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، مگر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اسرائیلی جارحیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔