بوگس سندیں اور ڈگریاں بیچنے والے گروہ سرگرم،نیٹ ورک سوشل میڈیا تک پھیلادیا

فیصل آباد(بلال احمد سے )تعلیمی بورڈ اور جامعات کی بوگس ڈگریاں بیچنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔ ملز موں نے اپنا نیٹ ورک سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز تک وسیع کرلیا۔
1 لاکھ روپے میں بورڈ جبکہ دو لاکھ میں یونیورسٹی کی مستند ڈگری 10 روز کے اندر فراہم کرنے کی یقین دہانی، عملہ ملوث ہونے کے خدشات سر اٹھانے لگے ۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر جعلی ڈگری بنا کر اسکی تصدیق کروانے کے بعد ریکارڈ میں بھی تفصیلات درج کروانے کی گارنٹی دی جانے لگی ۔ ملز موں کی جانب سے اپنائے گئے طریقہ واردات میں مختلف ویب سائٹس بشمول فیس بک پرتعلیمی سرگرمیوں والے گروپس کا انتخاب کیا جاتا ہے جہاں اپنی سروسز کی تشہیر کی جاتی ہے ۔ ملزم میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی ڈگری 1 لاکھ جبکہ بی اے کی ڈگری 2 لاکھ روپے میں فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ ڈگری بنوانے والوں کو کام سو فیصد اصل ہونے کی گارنٹی بھی دی جاتی ہے ۔ ملزم انتہائی مہارت کے ساتھ اصل ڈگری کی نقل تیار کرتے ہیں جس پر تمام مطلوبہ معلومات درج کرکے مہریں بھی لگائی جاتی ہے ۔ کام کے لیے کی جانے والی ڈیل میں آدھی رقم پہلے اور آدھی کام مکمل ہونے کے بعد ادا کرنے کا معاہدہ کیا جاتا ہے ۔ معاملات سامنے آنے پر متعلقہ حلقوں کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ بورڈ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو اپنے ملازمین کی سخت نگرانی اور نظام کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔