فیسکو انتظامیہ سٹاف کی زندگیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے متحرک

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیسکو انتظامیہ لائن سٹاف کی زندگیوں کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ، ہرسال کروڑوں روپے خرچ کرکے بہترین کوالٹی کی ٹی اینڈ پی اور دیگر حفاظتی آلات خریدے جا رہے ہیں۔۔۔
تاکہ فیسکو میں حادثات کی شرح کو زیرو کیاجاسکے ،دوران کام سیفٹی کوڈ پر عملدرآمد کرکے نہ صرف لائن مین اپنی جان بچاسکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں،عوام اور محکمہ کی املاک کی حفاظت کو بھی یقینی بناسکتے ہیں،اس سلسلے میں دوران ڈیوٹی (ٹی اینڈ پی)کے استعمال اور سیفٹی کوڈ پر عمل درآمد کرانے کیلئے چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔جولائی 2024سے اب تک سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے فیسکو ریجن کی مختلف سب ڈویژنو ں میں لائن سٹاف کی دوران ڈیوٹی چیکنگ کیلئے 700سرپرائز وزٹ کئے گئے ، 3622سیفٹی کالز کی گئیں، 191ٹی اینڈ پی پریڈز کا انعقاد کیا گیا جبکہ لائن سٹاف کی طرف سے 45خلاف ورزیاں پائی گئیں۔اسی طرح دوران ڈیوٹی سیفٹی کوڈ اورہدایات پر عمل نہ کرنے والے 10لائن مینوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی جبکہ51لائن مینوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ سزا پانے والوں میں دولائن مینوں کی ایک سال کیلئے انکریمنٹ سٹاپ کی گئی ایک اسسٹنٹ لائن مین کا ڈینجرس الاؤنس کاٹ لیا گیاجبکہ سات لائن مینوں کو وارننگ جاری کی گئی۔ ڈائریکٹرایچ ایس ای فیسکو کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ نیپرا کی طرف سے متعین کردہ سیفٹی قوانین و ضوابط پر عمل کرنا فیلڈ سٹاف کے لیے لازم و ملزوم ہے ۔