جدید کاشتکاری کے طریقوں بارے آگاہی دینا ہو گی: ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ مٹی کی بگڑتی ہوئی صحت ملک میں غذائی تحفظ کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے۔۔۔
اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور کراپ روٹیشن کو فروغ دینا ہو گا،جدید کاشتکاری کے طریقوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے آن لائن خطاب کے دوران کیا، وفد کی قیادت فوزیہ آفتاب نے کی،پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور مہمانوں کو سووینئر پیش کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے یونیورسٹی کے اعلیٰ ہنر مند اور تکنیکی اعتبار سے مضبوط پیشہ ور افراد کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، کم پیداواری صلاحیت، مٹی اور دیگر مسائل سمیت سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، دورحاضر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ہمیں ایسی فصلات کی اقسام کو پروان چڑھانا ہو گا جو اس کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہوں،زرعی یونیورسٹی نے مختلف فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی زیادہ پیداوار کی حامل نئی اقسام متعارف کروائی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں ۔ وائس چانسلر نے تحقیق اور فیلڈ ایپلی کیشن کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں توسیعی خدمات اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن ٹولز کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کے تحت سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز، پاکستان کوریا نیوٹریشن سینٹر،چینی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم ہیں جو فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔