ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدیدتکنیک اپنانے کی ضرورت، ماہرین

اسلام آباد (نامہ نگار)ماہرین نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدیدتکنیک اپنانے کی ضرورت ہے ۔۔۔
، مغربی ممالک جعلی دستاویزات کے ذریعے مضر مواد سے آلودہ بحری جہازوں کو غیر قانونی طور پر گڈانی بھیج رہے ہیں جو ہانگ کانگ کنونشن اور یورپی یونین شپ ری سائیکلنگ قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ اس امر کا انکشاف پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام سمندری ماحول میں سرکلر معیشت اور پاکستان میں بحری جہازوں کی ری سائیکلنگ کے موضوع پر مشاورتی ویبینار میں کیا گیا۔ ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ نقصانات کی روک تھام کوممکن بنانے کیلئے گرین شپ ری سائیکلنگ کے اصولوں کو اپنانا ناگزیر ہے ۔ ڈاکٹر فصیحہ صفدر نے کہا کہ سرکلر شپ ری سائیکلنگ کی حکمت عملی وسائل کے ضیاع کو کم کرنے اور آلودگی کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے ۔ ڈاکٹر انیل سلمان نے کہا کہ پاکستان اپنی شپ بریکنگ انڈسٹری کو پائیدار ترقی کا ذریعہ بنا سکتا ہے ۔ کراچی شپ یارڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل سلمان الیاس نے کہا کہ یہ صنعت ملکی ترقی کے لئے ناگزیر ہے ، لیکن اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔