نمایاں کارکردگی پر قومی اعزازات تقسیم، ذوالفقار علی بھٹو کیلئے نشان پاکستان

نمایاں کارکردگی پر قومی اعزازات تقسیم، ذوالفقار علی بھٹو کیلئے نشان پاکستان

اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 69 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازدیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

 ایوانِ صدر میں ہونیوالی پروقار تقریب میں ان شخصیات کو نشانِ پاکستان، نشانِ امتیاز، نشانِ خدمت، ہلالِ امتیاز، ہلالِ شجاعت، ستارہِ امتیاز، ستارہِ شجاعت، ستارہِ قائداعظم، صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہِ پاکستان اور تمغہِ امتیاز جیسے اعلٰی اعزازات دئیے گئے ۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ملک، جمہوریت اور عوام کیلئے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں نشانِ پاکستان (بعد از وفات)سے نوازا گیا جو ان کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔ ایئر مارشل (ر)راجہ شاہد حامد مرحوم کو نشانِ امتیاز (بعد از وفات)اور سلطان علی اکبر الانہ کو نشانِ خدمت دیا گیا۔ ایس پی محمد اعجاز خان شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، ڈی ایس پی سردار حسین شہید، کانسٹیبل ارشاد علی اور جہانزیب سمیت کئی پولیس اہلکاروں کو ہلالِ شجاعت (بعد از وفات)سے نوازا گیا۔ہلالِ امتیاز حاصل کرنے والی شخصیات میں ڈاکٹر توقیر حسین شاہ، کیپٹن (ر)خرم آغا، علی حیدر گیلانی، خواجہ انور مجید، حسین داؤد، پروفیسر ڈاکٹر شہریار، ڈاکٹر زریاب سیٹنا ، جاوید جبار، محترمہ سادیہ راشد، عامر حفیظ ابراہیم، جمی انجینئر، عمر فاروق، ڈاکٹر نوید شیروانی سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل ہیں۔

ستارہِ شجاعت (بعد از وفات)کیپٹن (ر)حمزہ انجم شہید اور ملک سبز علی شہید کو دیا گیا۔ستارہِ امتیاز حاصل کرنے والوں میں محمد سمیر الرحمن، احمد اسحاق جہانگیر، ڈاکٹر غلام محمد علی، عرفان نواز میمن، سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو، ڈاکٹر حامد عتیق سرور، علی سلمان حبیب (بعد از وفات)، وقار الدین سید، ایاز خان، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، امتیاز حسین، جمیل احمد، سید اظہر حسنین عابدی، ظفر وقار تاج، محمد حسین عرف مراد سدپارہ (بعد از وفات)، بہروز حسین بلوچ، ثناء ہاشوانی اور صفی ناز منیر شامل ہیں۔صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی نوید احمد فرید، انیقہ بانو، برکت شاہ کو دیا گیا جبکہ ستارہِ قائداعظم حیدر قربونوف اور ڈاکٹر کرسٹین برن ہلڈ کو دیا گیا۔ تمغہِ پاکستان آگسٹینو ڈا پولنزا اور پروفیسر ویلویا پیاچنتینی نے حاصل کیا۔ تمغہِ امتیاز پانے والوں میں سید شکیل شاہ، اشہد جواد، امین محمد لاکھانی، ریحان مہتاب چاولہ، سید جواد حسین جعفری، پروفیسر ڈاکٹر عثمان قمر، محترمہ ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر اکرام اللہ، محمد یوسف خان، سرور منیر راؤ، حسن ایوب، ڈاکٹر سید عابد مہدی کاظمی، میر نادر خان مگسی شامل ہیں۔ ستارہِ قائداعظم ڈاکٹرشن من لیو کو دیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزرائ، چیئرمین سینیٹ، ارکان پارلیمنٹ، سفارت کار، سول سوسائٹی کے نمائندگان، میڈیا کے افراد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہر ہ کرنے والی 15شخصیات کو پروقار تقریب میں اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا۔ ستارہ امتیاز کا ایوارڈز حاصل کرنے والو ں میں آنجہانی کولن ڈیوڈ جو ان کی بیوہ پروفیسر رخسانہ ڈیوڈ نے وصول کیا، سلمہ اعوان ، میاں عزیز احمد(مرحوم)کا ایوارڈ ان کے بیٹے میاں رفیق نے وصول کیا اور سینئر صحافی سلمان غنی شامل تھے جبکہ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں حامد رانا، صاحبہ ارشد، فریحہ پرویز اور عامر اشفاق شامل تھے ۔ تمغہ امتیاز کا ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں رفیع الدین، عماد شکیل بٹ، رباب سکندر، سینئر اینکر مزمل سہروردی، صحافی کامران شاہد، نصراﷲملک اور منیب فاروق شامل تھے ۔ گورنر ہاؤس کراچی میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے 12افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے ۔ آغاخان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی آف انجینئر اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ثمرین حسین، میزان بینک کے چیف فنانشل آفیسر سید عمران علی شاہ، منیزہ شمسی، ناظم الدین فیروز ، زاہد احمد غارب اور حنین حسین لاکھانی (مرحوم) کوستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

شاعرہ امبرین حسیب امبر کو گورنر سندھ نے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔گورنر سندھ نے مقصود احمد، جوزف کوٹس، ریئر ایڈمرل (ر) تنویر احمد اور وارث پنجانی (مرحوم) کو تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا۔ گورنرہاؤس پشاورمیں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدراسلامی جمہوریہ پاکستان کی طرف سے صوبے کی 7 شخصیات کو صدارتی سول اعزازات سے نوازا۔ گورنر نے سعید خان (مرحوم)کو بہادری کے اعتراف میں بعد از وفات تمغہ شجاعت سے نوازا،صاحب خان کو انکی بہادری کے اعتراف میں تمغہ شجاعت دیاگیا۔ ملک محمود جان (شہید)اور سمیع اللہ خان (شہید)کو تمغہ شجاعت ملا ۔ ڈاکٹر عاکف اللہ خان کو شعبہ طب، ارشد عزیز ملک کو شعبہ صحافت اوربختیار احمد خٹک کوشعبہ گلوکاری میں تمغہ امتیاز دیاگیا۔گورنر ہاؤس کوئٹہ میں قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے ڈاکٹر ربابہ بلیدی، عبدالرشید کاکڑ، شفیع محمد بزنجو، ڈاکٹر زبیر خان، ڈاکٹر محمد اسلم مینگل، ڈاکٹر محمد حنیف خلجی، ظہیر عالم، ڈاکٹر جنید احمد گیچ کی اور غلام علی کو سول ایوارڈز سے نوازا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں