کندھ کوٹ:قبائلی تصفیے کے باوجود ساوند برادری کا نوجوان قتل

کندھ کوٹ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) کندھ کوٹ میں قبائلی دہشت گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
تصفیہ ہونے کے باوجود سندرانی برادری کے مسلح افراد نے ساوند برادری کے نوجوان زبیر ساوند کو شہر سے واپس گاؤں جاتے ہوئے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ کے کچے گاؤں جلال الدین ساوند کے مکین نوجوان زبیر ساوند عید کی خریداری کر کے واپس گاؤں جا رہے تھے کہ پولیس تھانہ گھوڑا گھاٹ کی حدود میں نامعلوم سندرانی برادری کے مسلح افراد نے انہیں روک کر گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع پر ساوند برادری کے افراد اور پولیس نے نوجوان کی میت کو پرائیویٹ ڈاٹسن میں اٹھا کر سول ہسپتال پہنچایا،تاہم پولیس نے موقع پر کوئی کارروائی نہیں کی، جس کی وجہ سے مزید خونریزی کا خدشہ ہے ۔رمضان شریف کے مقدس ماہ میں قبائلی دہشت گردی اور بھتہ خوری کے باعث ڈاکوؤں کی فائرنگ میں سات افراد قتل ہو چکے ہیں۔ محراب پور میں اراضی تنازعے پر دیور نے بھابھی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ لاکھا روڈ پولیس تھانہ کی حدود گاؤں بگھو ڈرو میں پیش آیا۔ لاکھا روڈ پولیس کے مطابق ملک غلام ربانی نامی نوجوان نے بھابھی زوجہ ملک جاوید کا چھری سے گلا کاٹا۔ دونوں بھائیوں کے درمیان اراضی کی ملکیت کا تنازعہ چل رہا تھا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔