ٹی بی قابلِ علاج بیماری ، بروقت تشخیص ضروری ہے ،ماہرین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام عالمی یومِ تپ دق(ٹی بی ڈے ) کے سلسلے میںایک آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب سیلانی میڈیکل سینٹر، بہادرآباد چورنگی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طبی ماہرین، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار میں چیسٹ کنسلٹنٹ، اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز ڈاکٹر ندیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ڈاکٹر عبدالجبار نے بطور اسپیکر تپ دق کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے تپ دق کی جلد تشخیص، بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی بی ایک قابلِ علاج بیماری ہے ، مگر اس کا بروقت پتہ لگانا اور مکمل علاج کرانا انتہائی ضروری ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔تپ دق کی علامات اور علاج کے بارے میںماہرین نے بتایا کہ تپ دق ایک بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی بیماری ہے جو عام طور پر پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے لیکن یہ جسم کے دوسرے حصوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے ۔ اس کی عام علامات میںدو ہفتے یا اس سے زیادہ مسلسل کھانسی رہنا،بلغم یا خون کے ساتھ کھانسی ،بخار اور رات کے وقت زیادہ پسینہ آنا،غیر متوقع وزن میں کمی ،بھوک میں کمی اور تھکن محسوس ہوناشامل ہیں۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اپنے ٹی بی کلینکس کے ذریعے عوام کو مفت اسکریننگ، تشخیص، اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔