سکھر میں اضافی کرایہ وصولی پر کارروائی،زائد رقم واپس

سکھر (بیورو رپورٹ) خیرپور میں محکمہ ٹرانسپورٹ حرکت میں آگیا، زائد کرایوں کی وصولی پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
بائی پاس اور دیگر شاہراہوں پر چیکنگ کے دوران مسافروں سے اضافی کرائے لینے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد کیے گئے اور موقع پر ہی مسافروں کو ان کے پیسے واپس کرائے گئے ۔سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ اسد ضامن، کمشنر سکھر فیاض عباسی اور ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض حسین راہوجو کی ہدایت پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے )خیرپور کے سیکریٹری فیاض احمد منگی نے اپنی ٹیم اور موٹروے پولیس کے ہمراہ شاہ حسین بائی پاس، ببرلو بائی پاس اور دیگر اہم شاہراہوں پر کارروائیاں کیں۔سیکرٹری آر ٹی اے اور ان کی ٹیم نے مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا، اور زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹرز کو موقع پر ہی جرمانے کیے گئے ۔ جرمانے کے ساتھ ساتھ، اضافی کرایہ فوری طور پر مسافروں کو واپس بھی کرایا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے فیاض احمد منگی نے واضح کیا کہ مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اگر دوبارہ زائد کرایہ وصول کیا گیا تو گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد بھی پردیسیوں کی واپسی کے دوران یہ مہم جاری رہے گی تاکہ عوام کو سفری سہولتوں میں ریلیف فراہم کیا جاسکے۔