ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 77لاکھ مسافروں کو واپس

حیدر آباد (رپورٹ: ثاقب سلہری) مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سیکریٹری آر ٹی اے کا کریک ڈاؤن 4 روز سے جاری ہے ۔
اس سلسلے میں سیکریٹری آر ٹی اے حیدرآباد ریجن سلیم میمن نے ایس پی موٹر وے پولیس سیکٹر تھری ندیم اشرف کے ہمراہ ضلع حیدرآباد اور ضلع جامشورو میں بے رحمانہ آپریشن جاری رکھا۔ یہ آپریشن 25 مارچ سے دن رات کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران کراچی حیدرآباد سے اندرون سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع جانے والی 805 سے زیادہ گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 12 لاکھ 85 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ، جبکہ مسافروں سے وصول کیے گئے اضافی کرایہ کی رقم 77 لاکھ 35 ہزار روپے مسافروں کو واپس دلائی گئی۔ سیکریٹری آر ٹی اے سلیم میمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلباء، مزدوروں اور سرکاری و پرائیویٹ ملازمین کو لوٹنے والوں کے خلاف دن رات کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی افسر اپنی ڈیوٹی کو ذمہ داری سے نہیں نبھائے گا، خداوند کریم اس سے حساب لے گا۔ سیکریٹری آر ٹی اے نے متنبہ کیا کہ اضافی کرایہ واپس نہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی اور ان کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے ۔ادھر عوام نے سیکریٹری آر ٹی اے کی اس کارروائی کو سراہا اور اسے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔ کئی مسافروں نے کہا کہ اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز ان کیلئے ہمیشہ ایک پریشانی کا باعث رہے ہیں اور ان کی سختی سے پکڑ ان کے لئے راحت کا باعث ہے ۔ ایک مسافر احمد علی نے کہا کہ یہ بہت ضروری تھا کیونکہ ہر روز ہمیں اضافی کرایہ ادا کرنا پڑتا تھا۔