ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے‘ قراۃ العین

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر کے جون تک مکمل کیا جائے۔۔
تاکہ عوام کو جلد ریلیف مل سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت جا ئزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ انعم حفیظ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جن محکموں کے ترقیاتی منصوبوں جاری ہیں ،ان کے سربراہان منصوبے کا خود باقاعدہ گی سے وزٹ، کام اور میٹریل کے معیار کا معائنہ کریں، منصوبوں پر کام کی تصاویر کو اپ ڈیٹ کیا جائے ،میں خود مختلف منصوبوں کا معائنہ کر رہی ہوں، ہفتہ وار ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لیا جائے گا۔ قبل ازیں اے ڈی سی فنانس انعم حفیظ نے بتایا کہ ضلع میں 202 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی جس کیلئے 28ارب 88کروڑ 96لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے ‘ 13منصوبوں پر کام مکمل ہو چکا ہے ،189پر کام جاری ہے اور اب تک 14 ارب سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں، ہائی وے ، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی اور لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبے شامل ہیں،ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اجلاس میں ایکسین ہائی وے شاہد ریاض، ایس ڈی او بلڈنگ نذیر احمد، ایس ڈی او ایری گیشن غلام مصطفی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز کبریٰ بانو سمیت متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ قبل ازاں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کی زیر صدارت ریونیو افسروں کا بھی اجلاس ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے ہدف کو مکمل کیا جائے ، تمام ریونیو افسر فیلڈ میں نکلیں اور واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں، سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔