ڈیرہ غازی خان،خدمت مرکز میں نادرا کائونٹرز بڑھانے کا فیصلہ

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ای۔خدمت مرکز ڈیرہ غازی خان میں پاسپورٹ،ویزہ پروٹیکشن،رجسٹری اور دیگر سروسز شروع کرنے ،نادرا کے کاؤنٹرز بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔
کمشنر اشفاق احمد چودھری نے ای خدمت مرکز میں متعلقہ محکموں کے افسروں کے نمائندہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نئی سروسز شروع کرنے کیلئے جلد اقدامات کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔منیجرای خدمت مرکز مدثر سہرانی نے ادارہ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سید نوید عالم،اے ڈی سی آر نعمان فاروق تارڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز،اے سی/ سیکرٹری آر ٹی اے تیمور عثمان،اے سی جی عمران رفیق سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسر موجود تھے کمشنر اشفاق احمد چودھری نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں بھی ای خدمت مرکز سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کے پرسکون ماحول میں شہریوں کو معیاری سروسز فراہم کررہا ہے ۔عوام کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں جس پر پورا اترنے کیلئے تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کو ایک ٹیم بن کر ای۔خدمت مرکز کو کامیاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ای خدمت مرکز میں تعینات وفاقی اور صوبائی محکموں کے فوکل پرسنز کی کارکردگی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ہر افسر اپنے محکمے کا نمائندہ ہے ۔فوکل پرسنز کی ناقص کارکردگی کا اثر براہ راست ان کے ادارہ پر بھی پڑے گا۔سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر اور عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی۔