ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم ہلال استقلال لہرانے کی تقریب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہلال استقلال لہرانے کی پروقار تقریب ۔
آرٹس کونسل کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم تھے ۔ تقریب میں سرکاری افسران اور طلباء وطالبات کے علاؤہ ہر مکتبہ فکر کی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ہلال استقلال لہرایا ، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ اور ملی نغموں کی دھنیں بجاکر جنگ ستمبر 1965 کی یاد کو تازہ کیا۔ مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کرکے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے خطاب میں کمشنر جہانزیب اعوان نے پوری قوم کو 59 و یں یوم دفاع اور 57 و یں ہلال استقلال کی مبارک دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ 65 پاکستان کی تاریخ میں خاص مقام رکھتی ہے ۔ ہمارے بزرگوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر انداز میں ایک جذبے کے تحت کام کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے اس کے لیے ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہنا ہے ۔ جنگ ستمبر 65 میں پاکستانی قوم اور افواج نے ملکر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کو مضبوط بنانے کے لیے اتحاد و اتفاق کو قائم رکھنا ہے ۔