پنجاب اسمبلی نے فنانس بل 25-2024منظور کرلیا

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی نے فنانس بل 25-2024 منظور کرلیا۔

پنجاب اسمبلی میں آئندہ مالی سال کی بجٹ کی منظوری کا عمل مکمل کرلیا گیا، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب فنانس بل ایوان میں پیش کردیا، فنانس بل ایوان نے پاس کردیا، پنجاب اسمبلی نے آئندہ مالی سال 25-2024 کا 5446 ارب روپے کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے باقاعدہ فنانس بل پر دستخط کر دیئے، فنانس بل 2024 پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو بھجوا دیا گیا۔

ندیم قریشی نے بجلی بلوں کا معاملہ اٹھا دیا
اجلاس کے دوران رکن اسمبلی ندیم قریشی نے بجلی کے بلوں میں اضافے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی صارف 200 یونٹ بل استعمال کرتا ہے تو وہ بل 3000 روپے دیتا ہے، 201 یونٹ استعمال کرنے پر بل 8500 روپے ہو جاتا ہے۔

ندیم قریشی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی سے بجلی کے بلوں میں اضافے کی قرارداد وفاقی حکومت کو پیش کی جانی چاہیے، سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن رکن کو قرارداد کی شکل میں مطالبہ سامنے لانے کی ہدایت کردی۔

بعدازاں پنجاب اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کل 2 بجےتک ملتوی کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں