پنجاب گروپ مستقبل کی ضروریات کیلئے بالکل تیار ہے: میاں عامر محمود

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے ہمیں جدید دور کی ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہے، پنجاب گروپ مستقبل کی ضروریات کیلئے بالکل تیار ہے۔

لاہور میں پنجاب گروپ آف کالجز کے زیراہتمام جدید ڈیجیٹل لرننگ پراڈکٹ آروو کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ پنجاب گروپ آف کالجز کو ملک کی خدمت کرتے 40 سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے، پنجاب کالج کی بنیاد پر 4 بہترین یونیورسٹیاں اور 3 سکول سسٹمز وجود میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ہمارے اداروں میں بطورامانت بھیجتے ہیں، پنجاب گروپ آف کالجز نے خدمت میں گزشتہ 40 سال سے کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا، آج دنیا کو ٹیکنالوجی جیسے چیلنج کا سامنے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب گروپ ایجوکیشن سیکٹر میں سب سے آگے بڑھ کر ٹیکنالوجی کا چیلنج قبول کر رہا ہے، ہماری توجہ کا مرکز ہمارا سٹوڈنٹ ہے، سکول، کالجز اور یونیورسٹوں کا مقصد طالبعلم کی زندگی میں کامیابی ہے، ہم طلبہ کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ ایک طالبعلم آگے بڑھے گا تو یہ قوم اور ملک ترقی کرے گا، پنجاب گروپ ساڑھے 6 لاکھ طلبہ کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا تعلیمی ادارہ بن چکا ہے۔

چیئرمین پنجاب گروپ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں جدید دور کی ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہے، پنجاب گروپ آج اور مستقبل کی ضروریات کیلئے بالکل تیار ہے، ہم والدین کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم ملکی ترقی کیلئے پوری محنت کریں گے، پنجاب گروپ کی ٹیم پاکستانیوں کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں