اسلام آباد ہائیکورٹ: ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا ظاہر کرنے کے احکامات معطل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا ظاہر کرنے سے متعلق پاکستان انفارمیشن کمیشن کے احکامات معطل کر دیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے ایف بی آر پی آئی سی آرڈرز پر حکم امتناع جاری کیا اور کہا کہ حق معلومات ایکٹ کے تحت بھی ٹیکس ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان انفارمیشن کمیشن نے ایف بی آر کو 8 جنوری 2026 اور 3 دسمبر 2025 کو احکامات جاری کئے تھے، سماعت کے دوران ایف بی آر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا ہے۔
ٹیکس دہندگان کی معلومات افشا کرنے پر مکمل قانونی پابندی ہے، انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 216 دیگر تمام قوانین پر بالادست ہے، ٹیکس دہندگان کی شناخت ظاہر کرنا بھی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے پی آئی سی کی جانب سے ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا فراہم کرنے کے آرڈرز کو چیلنج کیا تھا۔