عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، سٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ
لندن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہونے سے متعلق بیان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ جبکہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ دیکھی گئی۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5.8 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ایک بیرل کی قیمت 78.43 ڈالر تک پہنچ گئی، امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمت 74 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھی منفی رجحان دیکھنے میں آیا، امریکہ میں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 0.3 فیصد جبکہ ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 1.66 فیصد نیچے بند ہوا جبکہ یورپ کے سٹاکس 600 انڈیکس میں 1.61 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اسی طرض جرمنی کے ڈیکس انڈیکس میں 2.3 فیصد اور فرانس کے سی اے سی انڈیکس میں 2.18 فیصد کمی کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ بندی کے خاتمے کے خدشات نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی پیدا کر دی ہے جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور حصص بازاروں میں مندی دیکھنے میں آئی ہے۔