ایرانی پارلیمان کا کئی ماہ کے وقفے سے اجلاس، آبنائے ہرمز پر بل پیش
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمان کی خبر رساں ایجنسی خانہ ملت کے مطابق کئی ماہ کے وقفے کے بعد نائب سپیکر حامد رضا حاجی بابائی کی صدارت میں ایرانی پارلیمان کے عوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق 250 سے زائد ارکان نے اجلاس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق رہبر علی خامنہ ای، جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجی کمانڈروں اور سیاسی شخصیات کے قاتلوں سے انتقام لینے کے حق میں نعرے لگائے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کے مطابق ایران میں آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا گیا، بل آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کی سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے سٹریٹجک اقدام کے عنوان سے متعارف کرایا گیا۔
ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایران اپنی سرخ لکیروں خصوصاً آبنائے ہرمز کے انتظام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، یہ صرف پہلا قدم ہے،آئندہ مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
پارلیمان نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ہنگامی یا غیرمعمولی حالات میں پارلیمانی اجلاس بہارستان کے باہر بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔
کئی ماہ کے وقفے کے بعد غیر معمولی وقت پر عوامی اجلاس کے انعقاد نے میڈیا اور عوامی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی، اجلاس میں جو غیر معمولی بات تھی وہ ایران کے نئے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کی تصویر کی تنصیب اور سپیکر محمد باقر قالیباف کی ایوان میں عدم موجودگی تھی۔
اجلاس سے قبل ارکان نے یادگار پر حاضری دے کر سابق رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای اور جنگ میں ہلاک ہونے والی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جہاں سیاسی اور عسکری شخصیات کی تصاویر کے ساتھ جنگ میں ہلاک ہونے والے بعض بچوں کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments