کل پورے ملک میں احتجاج، سندھ میں بھی مظاہرے ہونگے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ کل پورے پاکستان میں احتجاج کیا جائے گا جبکہ سندھ بھر میں بھی مظاہرے ہوں گے اور کراچی میں شاہراہ فیصل بند کی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں شاہراہ فیصل اور جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا جائے گا، تاہم احتجاج پرامن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کو غریب آدمی کے مسائل کا احساس نہیں، لیوی کے نام پر "جگا ٹیکس" لیا جا رہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے غریب عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ موجودہ نظام سے صرف چند لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جبر کے خلاف سب کو آواز بلند کرنا ہوگی، حکومت فوری طور پر پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک لائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف جب اخراجات کم کرنے کی بات کرتا ہے تو حکومت اسے نظر انداز کر دیتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے عوام سے اپیل کی کہ نظام چلانے والوں کے خلاف بڑی تحریک کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ کل شام 4 بجے پورا پاکستان سڑکوں پر نکلے گا جبکہ موٹرسائیکل سوار نوجوان بھی احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...