پاکستان اور جرمنی کے 75 سالہ سفارتی تعلقات اعتماد اور احترام کی مضبوط مثال ہیں: نہال ہاشمی

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے اور جرمنی کے اتحاد کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے 75 سالہ سفارتی تعلقات باہمی دوستی، اعتماد اور احترام کی مضبوط مثال ہیں، جرمنی کا قومی اتحاد امن، مفاہمت اور قومی یکجہتی کی اہمیت کا نمایاں سبق دیتا ہے۔

اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی اور تجارتی مرکز ہے، اس لیے جرمن سرمایہ کاروں کو کراچی سمیت سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں توانائی، زراعت، آئی ٹی، لاجسٹکس اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں جرمن سرمایہ کاری کے لیے بھی نمایاں امکانات موجود ہیں۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور صاف توانائی کے شعبوں میں پاکستان اور جرمنی کا تعاون مزید مضبوط ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے تعلقات کو محض سفارتی روابط تک محدود رکھنے کے بجائے تجارت، ثقافت، جدت اور مشترکہ ترقی کی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

گورنر سندھ نے جرمن مصنوعات کے معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پائیداری، دیرپا معیار اور قابلِ اعتماد کارکردگی کے باعث جرمن مصنوعات دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...