بھارت میں حیران کن واقعہ، مردہ قرار دی گئی خاتون7سال بعد زندہ برآمد
کرناٹک: (دنیا نیوز) بھارت میں مردہ قرار دی گئی خاتون زندہ مل گئی، مبینہ قتل کے الزام میں بے گناہ شخص ڈھائی سال جیل میں قید رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجو نامی خاتون 3 جولائی 2019 کو اپنی مرضی کے خلاف شادی کرانے پر والد کا گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی، روانگی سے قبل اس نے بس سٹینڈ پر موجود راجیش نامی شخص سے گھر فون کرنے کے لیے موبائل لیا اور بعد ازاں اپنے آشنا کے ساتھ شادی کے لیے روانہ ہوگئی۔
منجو کے واپس نہ آنے پر اس کے والد ناگراجو نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی، پولیس نے خاتون کی آخری فون کال کا سراغ راجیش کے موبائل نمبر سے لگایا اور والد کی شکایت پر اس کے اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
تفتیشی افسر نے خاتون کی لاش برآمد نہ ہونے کے باوجود راجیش کے خلاف قتل کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا، جس کے نتیجے میں راجیش کو ڈھائی سال سے زائد عرصے تک جوڈیشل حراست میں رہنا پڑا، ضمانت پر رہائی کے بعد بھی راجیش اپنی بے گناہی پر اصرار کرتا رہا۔
بعد ازاں راجیش کی قانونی ٹیم نے آزادانہ تحقیقات کے ذریعے منجو کا سراغ لگا لیا، جو اپنے شوہر کے ساتھ زندگی گزار رہی تھی، وکیل کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے پر خاتون کو گرفتار کرکے شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی بیان میں منجو نے راجیش کو مکمل طور پر بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی گمشدگی کے بعد درج ہونے والے قتل کے مقدمے کا کوئی علم نہیں تھا۔
واقعے کے انکشاف کے بعد ناقص تفتیش اور شواہد سے متعلق سنگین سوالات اٹھنے پر باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، راجیش کے اہل خانہ نے جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر خاتون کے والد ناگراجو اور مبینہ طور پر جعلی شواہد تیار کرنے والے ریٹائرڈ تفتیشی افسر انسپکٹر پربھاکر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments