ایس سی او کانفرنس: چینی وزیراعظم لی کیانگ آج پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی کیانگ آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا ہے کہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں، چینی وزیر اعظم14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، چینی وزیر اعظم کے ہمراہ تجارت، خارجہ،قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزراء بھی ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے، لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہو گی، ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ چین کے وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، پارلیمانی لیڈروں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملیں گے، لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔