سکیورٹی اداروں کو دھمکیوں کا کیس، خالد خورشید کو 34 سال قید، 6 لاکھ جرمانہ
گلگت: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سکیورٹی اداروں کو دھمکیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو 34 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
گلگت کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید خان کیخلاف سکیورٹی اداروں کو دھمکیوں اور چیف الیکشن کمشنر کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کو 34 سال قید اور 6 کالاکھ روپے جرمانے کی سزا سناد ی اور ڈی جی نادرا کو خالد خورشید کا شناختی کارڈ بلاک کرنے احکامات جاری کردیے،عدالت نے آئی جی پولیس کو حکم دیا ہے کہ مجرم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان و رہنما تحریک انصاف خالد خورشید نے ایک جلسے کے دوران سکیورٹی اداروں، چیف سیکرٹری، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی جس پر ان کیخلاف سٹی تھانہ گلگت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔