امریکا:5لاکھ مہاجرین کی قانونی حیثیت منسوخ کرنیکا فیصلہ

واشنگٹن(اے ایف پی)ٹرمپ انتظامیہ نے لاطینی امریکا اور ہیٹی سے آنے والے5لاکھ32ہزار مہاجرین کی قانونی حیثیت منسوخ کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔۔۔
متاثرہ افراد لاطینی امریکی ممالک سے سرپرستی پروگرام کے تحت امریکا آئے تھے ۔ ان افراد کو امریکا سے کوچ کے لیے زور دیا جائے گا ،دوسری صورت میں انہیں گرفتاری اور بے دخلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اپریل کے اواخر میں ان مہاجرین کے ورک پرمٹ کی منسوخی نافذ العمل ہو جائے گی۔ یہ بات وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں بتائی گئی ہے ۔یہ اقدام کیوبا، ہیٹی، نکارگوا اور وینزویلا کے مہاجرین کو متاثر کرے گا جو بائیڈن انتظامیہ کے سرپرستی پروگرام کے تحت امریکا پہنچے تھے ۔ پروگرام کا مقصد امریکا اور میکسیکو کے درمیان سرحد کے راستے غیر قانونی ہجرت پر روک لگانا تھا۔ دوسری جانب امریکی صدر نے اپنے ڈیموکریٹک مخالفین کے خلاف تازہ ترین اقدام میں سابق نائب صدر کملاہیرس، سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور دیگر کی سکیورٹی کلیئرنس واپس لے لی ہے ۔یاد رہے ٹرمپ نے پہلے ہی سابق صدر بائیڈن کو امریکی انٹیلی جنس تک روایتی رسائی دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی سکیورٹی منسوخ کر دی تھی۔بائیڈن نے بھی 2021 میں ٹرمپ کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کی تھی۔