فلسطینیوں پر ظلم وجبر میں مسلم حکمران شامل:فضل الرحمن
ڈیرہ غازی خان ،تونسہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، ایجنسیاں )سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکا ،یورپ ،اسرائیل فلسطینیوں کے قاتل ہیں جبکہ مسلم حکمران جبر میں شامل ہے ، امریکا ، یورپ کو دنیا کی رہنمائی کو کوئی حق حاصل نہیں، ڈیڑھ برس میں 60ہزار فلسطینی شہیدکئے گئے۔
اسرائیلی وزیراعظم جنگی مجرم، ہمیں فسادی کہنے والو،فساد کی جڑ تم ہو ہم نہیں،امت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ،26ویں ترمیم میں سود خاتمے کی شقیں ہم نے شامل کرائیں،تمام مسالک سے اپیل کرتا ہوں ایک ہفتے میں قومی کمیشن بنائیں۔ تونسہ میں امام اہلسنت علامہ عبد الستار تونسوی ؒکی یاد میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم تو تورات اور انجیل کو اللہ کی کتاب مانتے ہیں،فلسطین میں اسرائیلی سفاکیت کی مذمت کرتا ہوں،فلسطینیوں نے سر کٹوائے ہیں سر جھکائے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پسماندگی کاغلط استعمال ہورہاجبکہ غربت کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے ۔ ہماری غربت کو جاگیر دار استعمال کر رہا ہے ، اس خطے میں وہ آواز موجود ہے جس کو جے یوآئی کی آواز کہا جاتا ہے ، غلامی سے بغاوت ہماری پہچان ہے ، دوسرے ممالک سے آزادی کی بھیک نہیں مانگی جاسکتی، مظالم کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہا ہم مغرب کی تہذیب کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ، ہمیں امریکا اورمغرب کی غلامی کرنے کاکہا جاتا ہے ، ہم تہذیب، روایات مغرب، یورپ اور امریکا سے مانگتے ہیں۔ افغانستان، شام اور عرب دنیا میں آگ جل رہی ہے اور اس میں جل بھی میں رہاہوں،انسانیت کیلئے خطرہ بھی میں ہوں، ایسا نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا 77سالوں میں ہمارے ملک میں یہ بحث ختم نہیں ہو رہی تھی کہ سود کو کیسے ختم کیا جائے ؟ ،یکم جنوری2028سے پاکستان میں سود مکمل ختم ہو جائے گا۔ مکاتب فکراورعلما کو دعوت دیتے ہیں قوم کے سامنے متفقہ لائحہ عمل لائیں، 26ویں آئینی ترمیم میں ہماری تجویز تھی ایک آئینی عدالت قائم ہو، تجویز تھی کہ آئینی عدالت سیاسی مقدمات کے فیصلے کرے ، ہم نے ایک فیصلہ بھی اپوزیشن جماعتوں کے مشورے کے بغیر نہیں کیا۔ قوم کے اندر سیاسی شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارے الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کا صدر تھا، وہ اتحاد اب تک نہیں ٹوٹا، اُس کا سربراہ اپوزیشن میں ہے اور باقی حکومت کا حصہ ہیں۔