پاکستان پوسٹ:خلاف قواعد بھرتی ملازمین کوایک ارب76کروڑ کی ادائیگی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان پوسٹ آفس نے قواعد کے خلاف بھرتی ہونے والے ملازمین کو ایک ارب 76 کروڑ 48 لاکھ روپے تنخواہوں و الائونسز کی مد میں ادائیگی کر دی۔
سیکرٹری کابینہ کی سربراہی میں تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، پاکستان پوسٹ آفس نے پنجاب ، اسلام آباد، سندھ میں خالی اسامیوں پر ہونے والی بھرتیوں کو کالعدم قرار دیا تھا اور دوبارہ ٹیسٹ لینے کے احکامات دئیے تھے ، آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پوسٹ نے مذکورہ قواعد کے برعکس بھرتی ہونے والے ملازمین کو ایک ارب 76 کروڑ 48 لاکھ روپے تنخواہوں و دیگر الائونسز کی مد میں ادائیگی کی ہے ، آڈیٹر جنرل پاکستان کے مطابق پاکستان پوسٹ نے آپریشنل اخراجات کی مد میں مالی سال 2024 - 2023 میں ایک ارب 94 کروڑ 36 لاکھ روپے اخراجات کیے جبکہ مالی سال2023 - 2022 میں ایک ارب 76 کروڑ 71 لاکھ روپے اخراجات کیے تھے ۔