آج سے شدید گرمی کی لہر مون سون میں زیادہ بارشیں
لاہور(سٹی رپورٹر ، آئی این پی)پی ڈی ایم اے پنجاب نے آج اتوار سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا جبکہ بین الاقوامی موسمیاتی ایپس نے رواں سال پاکستان میں مون سون کے دوران زائد بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے انتظامی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ آج سے درجہ حرارت میں تیز رفتار اضافے کے پیش نظرجنوبی پنجاب میں صورتحال زیادہ خراب ہونے کا امکان ہے ۔ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 6سے 8 اوربالائی پنجاب میں 14 سے 18 اپریل تک معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ رات کوبھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے ۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز اور ڈی سیز کو الرٹ رہنے اور تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ ہیٹ ویو کے خدشے پرپی ڈی ایم اے نے انتظامات مکمل کرلیے ہیں،خصوصاً چولستان میں رہنے والوں اور اُنکے مویشیوں کیلئے پانی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔گرمی کی شدت سے گرد آلود ہوا ئوں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے ، ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنی چاہئے جبکہ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق بین الاقوامی موسمیاتی ایپس مون سون کے دوران پاکستان میں زائد بارش کی پیشگوئی کررہی ہیں ۔