پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس اختتام پذیر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن فیصل آباد کے زیر اہتمام سالانہ انٹرنیشنل میڈیکل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔کانفرنس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر نعیم احمد، پروفیسر ڈاکٹر طفیل محمد، پروفیسر ڈاکٹر عامر حسین، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ترمذی، پروفیسر ڈاکٹر رحمن گلزار، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے مختلف سیشنز کی صدارت کی۔
کانفرنس کے اختتام پر سیکرٹری آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ فیصل آباد میں اس وقت شوگر، جگر میں چربی اور ہیپاٹائٹس کی وجہ سے جگر سکڑنے کے مریضوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جدید طریقہ علاج کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مریضوں کا علاج کریں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہمیشہ ڈاکٹروں کو علاج کے جدید طریقے بتانے کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے ، اس سال ایک انٹرنیشنل میڈیکل کانفرنس منعقد کی گئی جو انتہائی کامیاب ثابت ہوئی اوراس میں سینکڑوں ڈاکٹروں نے شرکت کی ۔ شرکاء سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد جاوید نے بتایا کہ جلد پہ رنگ گورا کرنے والی کریم لگانا انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہے یہ نہ صرف جلد خراب کرتی ہیں بلکہ الرجی کا باعث بھی بنتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر مجتبیٰ حسن نے شوگر کے جدید طریقہ علاج ،پروفیسر ڈاکٹر افضل چودھری نے جگر میں چربی اور اس کے مضر اثرات بارے ،ڈاکٹر نگینہ شہزادی نے بچوں میں پاخانے اور اس کی تشخیص اور علاج بارے ڈاکٹروں کو آگاہ کیا۔ کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر خرم سہیل راجہ نے میڈیکل کے متعلق مختلف قوانین کے متعلق ڈاکٹرز کو آگاہی فراہم کرتے بتایا کہ مریض کا علاج کرتے وقت اس کو بیماری کے متعلق بتانا اور علاج میں مضر اثرات سے آگاہ کرنا ڈاکٹر کا فرض ہے ۔