سیالکوٹ:سیوریج کا تنازع‘ فائرنگ سے دوبھائی زخمی

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سیوریج کی شکایت کا معاملہ، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دوبھائی زخمی، ملزمان 5لاکھ روپے کی نقدی بھی لے گئے ۔
تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ پکی کوٹلی میں صفی اﷲ اور اسکا بھائی نجیب اﷲ اپنی د کان پر موجود تھے کہ تین نامعلوم مسلح ملزمان وہاں آئے ایک نامعلوم نے فائرنگ کرکے اسکے بھائی صفی اﷲ کو زخمی کیا جبکہ تیسرے ملزم نے فائرنگ کرکے نجیب اﷲ کو بھی زخمی کردیا اور دوکان میں موجود تقریبا پانچ لاکھ روپے کی رقم اپنے ساتھ لے گئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ صفی اﷲ اورنجیب اﷲ کے بھائی زبیع اﷲ جوکہ محکمہ ہیلتھ میں سینٹری انسپکٹر ہے کا کہنا ہے کہ اسکے زخمی بھائیوں نے بتایا ہے کہ یہ وقوعہ فدا میر، مظہر اور خالد نمبردار کے ایما پر ہوا ہے اور دوکان کی نشاندہی خالد نمبر دار کے بیٹے نے کروائی ہے اور قبل ازیں فدا میر انہیں قتل کی دھمکیاں دیتا رہا ہے ۔ زبیع اﷲ کیمطابق فدامیر سے انکا سیوریج کی شکایت کا معاملہ تھا۔ پولیس نے زبیع اﷲ کی رپورٹ پر فدا میر سمیت تین نامزد اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔