پھل سبزی مصالحوں کی قیمت میں 150فیصد تک اضافہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)عید الفطر کی آمد پر سبزیوں اور پھلوں،مصالحہ جات کی قیمتوں میں 100تا150فیصد کاخودساختہ اضافہ کردیا گیا۔۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں سے غائب ہوگئے ،مرغی کا گوشت 850روپے کلو تک پہنچ گیا اوربون لیس مرغی کاگوشت 1100روپے ِ،مٹن 2400روپے سے 2500روپے کلو ،بیف 1500 روپے کلو فروخت ہوتا رہا ۔ٹماٹر ،سبزیوں ،لیمو ں،پیاز ،ادرک ، لہسن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے ، دکاندار اور ریڑھی بان مصنوعی مہنگائی اور قلت پیدا کرکے شہریوں کو لوٹتے رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں غائب رہے ، عید الفطر کی آمد پر شہر کے مختلف بازاروں ،مارکیٹوں اور علاقوں میں قائم سبزیاں اور پھلوں کی فروخت کرنیوالے دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے ریٹ 100 فیصد سے زائد بڑھا د ئیے ۔مصنوعی مہنگائی کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی خریداری محنت کش طبقہ کی پہنچ سے دور ہوگئی ،مختلف بازاروں میں دکانداروں اور ڈیلروں نے مصنوعی قلت پیدا کرکے سبزیوں ،مصالحہ جات کا ذخیرہ کرلیاعید کے باعث گوجرانوالہ میں حلوائیوں ‘بیکری مالکان اور نمکو دالیں فروخت کرنیوالوں نے بھی سرکاری نرخ نامے ہٹا کر من مانے نرخ مقرر کر کے فروخت شروع کر دی۔