فائر بریگیڈ اراضی کی ملکیت پر سرکاری ادارے آمنے سامنے

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں فائر بریگیڈ نیائیں چوک کی کروڑوں مالیت کی اراضی کی ملکیت پر دو سرکاری ادارے محکمہ تعلیم اور میونسپل کارپوریشن آمنے سامنے آگئے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شاہد عثمان ابراہیم کی مداخلت پر میونسپل انتظامیہ نے فائر بریگیڈ کی بلڈنگ کی مسماری کا آپریشن عین آخری لمحات میں روک دیا اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس معاملہ میں ڈائریکشن جاری کریں گی تو ہی کوئی اگلا قدم اٹھایا جائے گا، جگہ کی مسماری کے لئے کرینوں، بلڈوزروں کے ہمراہ چیف کارپوریشن آفیسر کی قیادت میں آنے والا میونسپل عملہ واپس چلا گیا۔ فائر بریگیڈ چوک نیائیں کی ایک کنال سے زائد جگہ سال 2012 میں محکمہ تعلیم کو دے دی گئی تھی، جہاں فائر بریگیڈ کی بوسیدہ بلڈنگ مسمار کرکے سٹی گرلز کالج کی توسیع کرکے یہاں ایم ایس بلاک بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اب 13 سال بعد کالج انتظامیہ کا حق ملکیت مسترد کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ روز فائر بریگیڈ کی عمارت کی مسماری کی تیاری شروع کردی ، شاہد عثمان ابراہیم نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کمشنر کی فون پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام سے بات بھی کروائی ہے ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ اس معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈائریکشن حاصل کی جائے گی ۔