وزیرآباد ہسپتال کے ملازمین میں عیدی دینے کی تقریب

وزیرآباد(نا مہ نگار)عید مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے ،اس مذہبی تہوار کی خوشیاں اس وقت تک مکمل نہیں جب تک معاشرے کے تمام طبقات کو عید کے ان لمحات میں شامل نہ کیا جائے ،انجمن بہبودی مریضاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد ہر سال ہسپتال کے چھوٹے طبقہ کے ملازمین میں عید پیکج کے ذریعے انکی عید الفطر کی خوشیاں دوبالا کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر محمد رب نواز چدھڑ نے ہسپتال کے 100سے زائد چھوٹے ملازمین میں انجمن بہبودی مریضاں اور مسلم ہینڈز کی طرف سے آٹے کے تھیلے اور نقدی عیدی دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر نعیم اللہ،صدر ناصر محمود اللہ والے ،احمد سعید اللہ والے ،افتخار حسین صدیقی،محمد اکبر بٹ،حاجی محمد اشفاق،محمد اسلم جتالہ،ڈاکٹر رضا سلطان،محمد اشرف نثار،محمد آصف ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام مسلمان اپنے ارد گرد نظر رکھیں غریب ومستحق طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل رکھنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ۔تقریب کے اختتام پر استحکام پاکستان اور فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔