سیالکوٹ:ڈی سی کا پارکس میں پودے لگانے کی مہم کا افتتاح
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ کے پارک اور عوامی تفریح کے مقامات پر پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی سیالکوٹ کے زیر اہتمام پلانٹ فار پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب عبدالحکیم پارک میں منعقد ہوئی، ۔ ڈپٹی کمشنر نے طالبات میں پودوں کو تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ سٹوڈنٹس اپنی درسگاہوں اور گھروں سمیت اپنے اردگرد کے ماحول میں جہاں ممکن ہو ناصرف خود پودے لگائیں بلکہ شہریوں کی پودوں کی اہمیت و افادیت کے بارے شعور اجاگر کریں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائے کیونکہ درخت ہی ہمارے صحت مند معاشرے کی بقاء کے ضامن ہیں۔ انہوں نے موقع پر موجود پی ایچ اے کے مقامی حکام کو ہدایت کی عید الفطر پر شہریوں کی بڑی تعداد تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کرے گی جہاں پر صفائی ستھرائی، پارکنگ اور سکیورٹی کے معیاری انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام جماعت نہم کے امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور ایس او پیز کے مطابق امتحان لینے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔