مصالحہ جات،سبزیوں کی قیمتوں میں 20فیصد اضافہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)عید الفطر کی آمد آمد ہے کہ گوجرانوالہ میں دکانداروں نے مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے جس سے شہریوں کی قوت خرید بھی مزید کم ہوگئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے آغاز سے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تھا ،عید میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں کہ سبزی فرشوں نے سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں 15 سے 20فیصد اضافہ کر دیا ہے ۔ایک ہفتہ قبل 70روپے فی کلو گرام میں ملنے والے ٹماٹر 140روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے اسی طرح سبز مرچ 140 روپے سے بڑھ کر200روپے فی کلو گرام ،لہسن 480سے بڑھ کر 640روپے فی کلو گرام ،ادرک 600 فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہورہا ہے ۔آلو 60روپے سے بڑھ کر 80روپے فی کلو ہو گئے ۔کریلے350روپے ،بھنڈی 320 روپے ٹینڈے 500روپے فی کلو گرم ،مٹر 180 روپے کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کیخلاف انتظامیہ کو کارروائی کرنی چاہیے ۔