خوشحالی کیلئے قرآن سے تعلق مضبوط کرنا ہوگا :امیر حمزہ

قلعہ دیدار سنگھ میں (نامہ نگار )کنوینئر تحریک حرمت رسول و رہنما پاکستان مرکزی مسلم لیگ مولانا امیر حمزہ نے کہاہے کہ۔۔۔
قرآن مجید انسانیت کیلئے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف دنیاوی بلکہ اخروی کامیابی کا بھی ضامن ہے ،انہوں نے زور دیا کہ اگر ہم اپنی زندگیوں کو قرآن کی تعلیمات کے مطابق ڈھال لیں تو ہمارے معاشرتی، اخلاقی، اور اقتصادی مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ابن تیمیہ رحمہ اللہ چک اگو میں خطبہ جمعۃ الوداع کے موقع پر کیا، انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ جن مسائل کا شکار ہے ، اس کی سب سے بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے ۔ اگر ہم قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کر لیں، اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں اور اسے صرف تلاوت تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے احکامات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں تو کوئی بھی پریشانی ہمارے قریب نہیں آئے گی،اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی قرآن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مہتمم جامعہ محمد کوثر، ظہیر احمد، ذوالفقار سدھو، سمیع الرحمن منگول، محمد سرور ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں قرآن کو صرف رمضان المبارک یا مخصوص مواقع پر پڑھنے کے بجائے اپنی روزمرہ کی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے ،ڈائریکٹر این جی ایس سکولنگ سسٹم عرفان کوثر منگول نے کہا کہ نئی نسل کو قرآن کی روشنی میں تربیت دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔