عید کیلئے ٹریفک پلان ،مارکیٹس میں اضافی نفری تعینات

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ کی ہدایت پر عید الفطر کے حوالہ سے باقاعدہ ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔۔۔
چاند رات کو تمام اہم مارکیٹس میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ برقرار رہ سکے ۔اہم شاہراہوں،مساجد،پارکس اور مارکیٹس میں اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔خواتین اہلکاروں پر مشتمل دستے بھی مارکیٹس میں تعینات ہیں۔چاند رات کے موقع پر کسی بھی منچلے کو ہلڑ بازی،ریسنگ وغیرہ کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔سی ٹی او عائشہ بٹ کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ترقیاتی کاموں کے باوجود ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ٹریفک پولیس کم افرادی قوت کے ساتھ بھی روزانہ بارہ سے پندرہ لاکھ گاڑیوں کو محفوظ راستہ فراہم کرتے ہیں۔سٹی ٹریفک پولیس گوجرانوالہ اپنے تمام تر ممکن وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہے ۔