فائربریگیڈ چوک نیائیں کی عمارت مسمار،گرلز کالج کے پوسٹ گریجوایٹ کیمپس کا منصوبہ ختم
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)فائر بریگیڈ چوک نیائیں کی کروڑوں مالیت کی اراضی پر میونسپل کارپوریشن نے بوسیدہ عمارت کو مسمار کردیا ہے جس کے بعد یہاں گرلز کالج کے پوسٹ گریجوایٹ کیمپس کی تعمیر کا منصوبہ عملاً ختم ہوگیا ہے۔
گوجرانوالہ کی ڈویژنل انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے سال 2012 میں فائر بریگیڈ کے خاتمے کے بعد ایک کنال سے زیادہ اس سرکاری جگہ کو گرلز کالج کی تحویل میں دے دیاتھا تاکہ یہاں پوسٹ گریجوایٹ کیمپس بنایا جاسکے محکمہ تعلیم نے حکومت کو فنڈز مختص کرنے کی بابت سمری بھی ارسال کر رکھی تھی تاہم اب جگہ کی ملکیت پر دو سرکاری ادارے محکمہ تعلیم اور میونسپل کارپوریشن اچانک آمنے سامنے آگئے اور میونسپل انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ یہ جگہ ابھی تک ان کی ملکیت ہے ،گزشتہ رات کارپوریشن کی ٹیم نے عمارت کو مسمار کردیا ، سٹی گرلز کالج کی طالبات کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور کیمپس کی تعمیر کی منظوری دیں۔ چیف آفیسر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ یہاں کمرشل پلازہ بنایا جائیگا جس سے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔